ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / اسپورٹس / روسی وکیل نے ٹرمپ کے بیٹے سے کلنٹن سے متعلق وعدہ کیا تھا

روسی وکیل نے ٹرمپ کے بیٹے سے کلنٹن سے متعلق وعدہ کیا تھا

Mon, 10 Jul 2017 21:05:23  SO Admin   S.O. News Service

ماسکو10جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)امریکی اخبارنیویارک ٹائمزکے مطابق گزشتہ برس جب موجودہ امریکی صدر ٹرمپ ابھی اپنی انتخابی مہم چلا رہے تھے توایک روسی وکیل نے ٹرمپ کے بیٹے سے حریف صدارتی امیدوار ہلیری کلنٹن سے متعلق معلومات کی فراہمی کا وعدہ کیاتھا۔امریکی جریدے نیو یارک ٹائمز نے لکھا ہے کہ ریپبلکن سیاستدان اور موجودہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیٹے ڈونلڈ ٹرمپ جونیئرکے ساتھ نتالیا ویزَیلنِتسکایا نامی ایک روسی خاتون وکیل نے 2016ء کی امریکی صدارتی انتخابی مہم کے دوران ایک ملاقات میں یہ وعدہ کیا تھا کہ ٹرمپ جونیئر کو ٹرمپ سینیئر کی حریف ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار اور سابق خاتون اول ہلیری کلنٹن کے بارے میں ایسی خفیہ معلومات فراہم کی جائیں گی، جن کو استعمال کر کے اس حریف خاتون سیاستدان کو سیاسی طور پر خاصا نقصان پہنچایا جا سکتا تھا۔

اس امریکی اخبار نے اپنی ایک تازہ اشاعت میں اپنے اس دعوے کے حق میں ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر کے ایک ایسے بیان کا حوالہ بھی دیا ہے، جس میں انہوں نے مبینہ طور پر اس روسی خاتون وکیل کے ساتھ اپنی ملاقات کا اعتراف بھی کیا ہے۔مختلف نیوز ایجنسیوں کے مطابق نیو یارک ٹائمز نے اپنی اس رپورٹ میں ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر کے ایک بیان کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے، سلام دعا اور حال چال دریافت کرنے کے بعد اس خاتون نے کہا تھا کہ اس کے پاس ایسی معلومات موجود تھیں کہ روس سے تعلق رکھنے والی کئی شخصیات مبینہ طور پر ڈیموکریٹک نیشنل کمیٹی اور ہیلری کلنٹن کی حمایت کرتے ہوئے مالی وسائل مہیا کر رہی تھیں۔نیو یارک ٹائمز نے ٹرمپ جونیئر کے اسی بیان کے حوالے سے مزید لکھا ہے، اس (روسی) خاتون وکیل کے بیانات غیر واضح، مبہم اور قدرے لایعنی تھے۔

اس بارے میں اس نے نہ تو کوئی قابل اعتماد معلومات مہیا کی تھیں اور نہ ہی ان کی پیشکش کی تھی۔ اس لیے جلد ہی واضح ہو گیا تھا کہ اس خاتون کے پاس کوئی بامقصد معلومات تھیں ہی نہیں۔روئٹرز نے لکھا ہے کہ نیو یارک ٹائمز کے مطابق اس روسی خاتون وکیل اور ٹرمپ جونیئر کے مابین گزشتہ برس ہونے والی اس ملاقات میں اس وقت ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کے سربراہ پال مانافورٹ اور ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جیئرڈ کُشنر بھی موجود تھے۔ اس بارے میں اس اخبار نے مزید لکھا ہے کہ ان معلومات کی اس وقت وائٹ ہاؤس کے تین مشیروں نے بھی تصدیق کر دی ہے۔
 


Share: